جو میری تعظیم کرتے ہیں

Eastern View of Jerusalem

THOSE WHO HONOR ME

By

One Disciple

ایک شاگرد

Published in Nur-i-Afshan Aug 24, 1894

نور افشاں مطبوعہ ۲۴اگست ۱۸۹۴ ء

وہ میری تعظیم کرتے ہیں۔ میں  اُن کو بزرگی دوں گا۔ پر وہ جو میری تحقیر کرتے ہیں۔ بے قدر ہوں گے(۲۔سموئیل ۲: ۳۰)۔ جس وقت سے تاریخ شروع ہوئی ہم خدا تعالیٰ کے اس کلام کی صداقت کا اظہار قوموں اَور سلطنتوں کے عروج و زوال ایسا صاف دیکھتے ہیں۔ کے اُس کی تفسیر و تاویل کی مطلق ضرورت معلوم نہیں ہوتی ۔ ہم اس وقت زمانہ قدیم کی دیگر سلطنتوں اَور قوموں کے بواعث اقبال و زوال کے بیان سے قطع نظر کرکے قوم اسرائیل کا جو ایک برگزیدہ اَور ایک خاص قوم تھی ذکر کرنا اَور یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ صرف زبانی الہٰی تعظیم و تکریم کرنا اَور ایک نمائشی خدا پرستی و دینداری رکھنا نہ صرف خدا کی نظر میں مکروہ و ناپسند ہے بلکہ کسی نہ کسی وقت ایسی ریا کاری کا تلخ نتیجہ ظاہر ہو کر قوم کی بربادی و تباہی کا دن یکایک آموجود ہو۔

بنی اسرائیل کے مشہور و معروف قاضی عیلی کے دنوں میں یہی حال قوم اسرائیل کا ہو جانے سے خداوند نے اُن کو نامختون فلسطیوں سے سخت ہزیمت(شکست) دلوا کر اُن کی ساری حشمت و شوکت کو برباد کر دیا۔ اَور اسرائیلی لشکر میں خدا کے عہد کے صندوق کی موجودگی بھی اُنہیں شکست ِفاش اَور شرمناک ہزیمت سے نہ بچا سکی۔ عیلی کے دونوں بیٹے حفنی اَور فنیحاس قتل ہو گئے ۔ اَور عہد کا صندوق فلسطیوں نے لوٹ لے جا کر اپنے معبوددجؔون  کے مندر میں رکھ دیا۔ اَور اس فتحِ عظیم خوشی میں بڑا جشن کیا۔

یہ امر نہائت ہی غو ر طلب ہے۔ اول مرتبہ جب اسرائیلیوں نے فلسطیوں سے شکست کھائی تو خیال کیا  کہ اگر ہم خدا کے عہد کے صندوق کو سیلؔا سے لے آئیں اور وہ ہمارے درمیان ہوتو ہم ضرور فتح یاب ہوں گے اور فلسطیوں نے بھی جب معلوم کیا کہ خداوند کا صندوق اسرائیلی لشکر گاہ میں آ پہنچا ہے تو ڈر گئے۔ اَور کہا ’’خدا لشکر گاہ میں آیا‘‘۔ ایسے خُدائے قادر کے ہاتھ سے ہمیں کون بچائے گا۔ لیکن بوقتِ جنگ نتیجہ اس کے بالکل برخلاف ظاہر ہوا۔ کیونکہ حقیقت میں خدا لشکر گاہ میں نہیں آیا تھا۔ بلکہ خالی صندوق تھا۔ جو صاف تعلیم دے رہا تھا۔ کہ’’ حرف مار ڈالتا۔ پر روح جلاتی ہے‘‘۔ سچ ہے کہ ’’خدا کی بادشاہت بات سے نہیں بلکہ قدرت سے ہے‘‘۔ پس مسیحی مذاہب اَور دنیا کے دیگر مذاہب میں یہ ایک نمایا ں فرق ہے جس کا بیان ہم آئندہ پرچہ میں کریں گے۔

Leave a Comment