خُدا اُس کا مددگار ہے

Eastern View of Jerusalem

God Is His Helper

By

One Disciple

ایک شاگرد

Published In Noor i Afshan 10 May1895

نور افشاں مطبوعہ ۱۰ مئی ۱۸۹۵ء

 نیویارک شہر میں ایک سوداگر نے اپنے کاروبار تجارت کی چند رسیدات اُن کے وصول ہونے پر خُدا کو نذر کیں ۔وہ اُس کو خُداوند کی بیمہ نقدی کہتا تھا۔کیونکہ اُس نے کہا کہ جتنا عرصہ میں اسے دیتا رہوں گا خُداوند میری مدد کرے گا اور مجھ کو برکت دے گا۔اور کسی نہ کسی طرح اس کے دینے کے لئے میرے لئے ذریعے باہم پہنچائے گا اس کو شکر گزاری کے ساتھ جاری رکھنا میرےدل کے لئے ایک برکت ہے اور دوسرے دلوں کو اُس کے وسیلہ سے ایک برکت ملتی ہے۔اور یہ یقینی طریقہ خُداوند کی مہربانی کو اپنے شاملِ حال رکھنے کا ہے۔

 اس کے تجربے کے نتیجے بے شک مبارک ہوئے ۔کیونکہ اس نے کہا ۔مجھے یہ بات کبھی بیشتر (پہلے)معلوم  نہ ہوئی کہ کس طرح وہ مجھے تمام میرے معاملات  میں مدد دیتا ہے روز مرہ اس قسم کے معاملات واقع ہوتے ہیں ،جو مجھ پر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ایک جو مجھ سے زیادہ جانتا ہے میری حفاظت کرتا ہے ۔نادار(محتاج) قرضے جن کی مجھ کو وصولی کی اُمید نہ تھی وصول ہو گئے۔ہر کارے(ہر کام کرنے والانوکر،قاصد) لڑکے کی خراب  عادتیں  مبتلا ہونے کے بیشتر اور جب چوری کرنے لگتے ہیں ان کے زیادہ نقصان کرنے سے پیشتر  ہی مجھ کو معلوم کئے گئے۔جب مجھے کامل امداد کی اپنے کاروبار میں ضرورت ہوتی۔یہ عین وقت پر پہنچ جاتی۔جب کہ خریداران شکستہ حال ہونے لگتے وہ کسی نہ کسی طرح مجھے قرض ادا کر دیتے اگرچہ وہ دوسروں کی ادائیگی میں ناکامیاب  رہتے ۔میرے دفتر میں ایک سخت آتشزدگی (آگ لگنا)واقع ہوئی جس سے معلوم ہوا کہ سب بیش قیمت چیزیں تباہ ہو گئیں ۔لیکن عین موقع پر آگ بجھ گئی۔اور ایک بھی بیش قیمت چیز کا نقصان نہ ہوا ۔(انشورنس )یعنی بیمہ کمپنی نے مجھے کافی روپیہ ہر ایک نقصان کے پورا کرنے کے لئے دے دیا۔اور دفتر بیشتر (پہلے)کی نسبت عمدہ طور پر ہو گیا۔

 خُداوند مجھے قرضوں کے ادا کرنے کے لئے کافی کام بھیج دیتا ہے جب کہ دوسرے بے کار رہتے ہیں ۔میں اس کا سبب بیان نہیں کر سکتا ہوں سوائے اس کے کہ میں ہمیشہ اپنے کام کے لئے دُعا مانگتا ہوں اور خُداوند سے عرض کرتا ہوں کہ اس کو دوسروں کے فائدے کے لئے برکت دے اور جو زریعت (دولت)اس سے حاصل ہوں ۔اس کے کام میں صرف (خرچ)کئے جائیں ۔جب میں دینا بند کر دیتا ہوں تب کام کا آنا بند ہو جاتا ہے ۔جتنا عرصہ میں اس کے لئے دُعا کرتا رہتا ہوں تمام معاملات آسانی سے ہوتے چلے جاتے ہیں اور مجھ کو کچھ تردد اور تکلیف نہیں ہوتی ۔خُداوند میرا ساہوکار بیمہ کنندہ میرا بچانے والا میرا بخرہ اور میرا مبارک حافظ جسمانی اور روحانی چیزوں کا ہے۔

Leave a Comment