مسیح اور انبیاءسابقین

Eastern View of Jerusalem

Christ and the prophets who came before Him

By

One Disciple

ایک شاگرد

Published in Nur-i-Afshan Sep 24, 1891

نور افشاں مطبوعہ۲۴ستمبر۱۸۹۱ ء

نورافشاں مطبوعہ ۳۔ستمبر میں مصنف تقدیس الانبیا کی اس غلط فہمی پر کہ خداوند مسیح نے انبیائے سابقین کو (نعوذ باللہ)چور اور ڈاکو بتلایا ۔ہم نے لکھا تھا کہ ’’ہم سمجھتے تھے کہ زمانہ کی علمی ترقی کے ساتھ مسلمانوں کے مذہبی خیالات بھی پچیس تیس سال گذشتہ کی بہ نسبت اب کسی قدر مبدل ہوگئے ہوں گے۔لیکن وقت بوقت ان کے رسالوں اور اخباروں مین ایسی باتیں پڑھنے میں آتی ہیں کہ بافسوس وہی ڈھاک کے تین پتے والی یاد آجاتی ہے‘‘۔جس پر ایک مسلم بھائی ۔۔۔۔نے الہ آباد سے ایک رسالہ موسوم بہ ’’ابطال صلیب ‘‘ بڑے فخر کے ساتھ ہمارے پاس بھیجا ہے ۔جس کو ہم نے بنظر سرسری دیکھا جس سے ہمارا خیال یقین سے بدل گیا کہ ہمارے اسمٰعیلی بھائی بے شک بدستور گرداب (چکر)تعصب ومخالفت حق میں مبتلا ہیں ۔اور ’’بعض ان میں ہیں جو مسیح کی انجیل اُلٹ دینے چاہتے ہیں ‘‘۔پطرس رسول نے بے شک ایسے ہی لوگوں کے حق میں لکھا ہے کہ ’’وہ جو جاہل اور بے قیام ہیں ان کے (یعنی مقدس نوشتوں )معنوں کو دوسری کتابوں کے مضمونوں کی طرح اپنی ہلاکت کے لیے پھیرتے ہیں ‘‘۔

ابطال صلیب پر بہت لوگوں نے خامہ فرسائی(لکھنا) اور قسمت آزمائی رسالہ مذکور کے مصنف سے پیشتر کرلی ہے ۔لیکن چونکہ یہ ’’ماجرا کونے میں نہیں ہوا تھا‘‘۔اور کتب ِمقدسہ میں اس کا بیان ایسا مفصل اور مشرح لکھا گیا ہے کہ کسی خلاف نویس کی جدوجہد اس کو جھٹلانے میں انیس سو برس سے آج تک پیش نہ گئی ۔پس آج کل کے ایسے نیم ملاّؤں کی لچر(گندی)اور فضول تصنیفات اس مستحکم ومعتبر تواریخی ماجرے کی صحت وصداقت میں ذرہ بھر بھی خلل انداز اور موثر نہیں ہوسکتیں ۔اس قسم کے رسالوں اور کتابوں کے جواب لکھنے میں مسیحی مبشروں اورمصنفوں کو ہر گز اپنا قیمتی وقت صرف کرنا لازم نہیں ہے ۔

Leave a Comment